بھٹکل:11/جولائی (ایس اؤنیوز) تعلقہ کے مختلف سرکاری محکمہ جات کے دفاتر میں پچھلے 5سالو ں سے زائد عرصہ سے ٹھکانہ ہوئے کچھ افسران اور عملہ عوامی کاموں سے ان دیکھی کررہے ہیں، ان کی اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کے متعلق فوری کارروائی کرنے کا کرناٹکا سوابھیمانی کرانتی سنگھ بھٹکل کے عہدیداران نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ریاستی وزیر اعلیٰ کو سونپے گئے میمورنڈم میں مطالبہ کیاہے۔
میمورنڈ م میں تحریر کیا گیا ہے کہ بھٹکل کے تحصیلدار، پولس ، تعلقہ پنچایت ، ضلع پنچایت ، بلدیہ ، محکمہ آب پاشی سمیت مختلف محکمہ جات کے چند ملازم اور افسران پچھلے پانچ سالوں سےزائد عرصہ سے ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں، تبادلہ کا آرڈر موصول ہونے کے باوجود بعض ایک سیاست اور پیسہ کے زور پر یہیں مقیم ہیں، عوامی کاموں کو ایجنٹوں کے ذریعے کیا جارہاہے، سرکاری منصوبہ جات اور اسکیم ڈھنگ سے نافذ نہیں کی جارہی ہیں، بھٹکل میں مٹکا، گانجہ ، تاش، دیشی شراب اور دیگر غیر قانونی کارستانیاں زوروں پر ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کو جانکاری دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے اور نہ کوئی اقدامات کئے جارہے ہیں، محکمہ تحصیل میں تو رشوت خوری کا طوفان برپا ہے۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے میمورنڈم کو وصول کیا۔ سوابھیمانی کرانتی سنگھ کے ضلعی صدر ایرا نائک، جنرل سکریٹری کمارنائک، وینکٹیش نائک، اشوک نائک، دیویندرنائک، رام چندر گونڈ وغیرہ موجود تھے۔